ہائوسنگ فائونڈیشن تاجروں کو جگہ یا معاوضہ دے ، محبوب خان
تاجروں کی بلا معاوضہ کسی صورت بے دخلی نہیں ہونے دیں گے ، بیان
اسلام آباد (سٹی رپورٹر)ایف 12 اور جی 12 ٹریڈرز ایسوسی ایشن کے صدر اور آئی سی سی آئی کے ایگزیکٹو ممبر محبوب احمد خان نے کہا ہے کہ ہائوسنگ فا ئونڈیشن نے زمین مالکان کے لیے قیمت کا تعین کرکے ایوارڈ کر دیا لیکن پانچ ہزار کرایہ دینے والے تاجروں کے لیے معاوضہ یا متبادل کا کوئی اعلان نہیں کیا گیا جس سے تاجروں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ، کاروبار کرنے والے اور مالکان کو بھاری کرایہ ادا کرنے والے کوئی کیڑے مکوڑے نہیں جن کو اٹھا کر پھینک دیا جائے ۔ ان کی بلا معاوضہ کسی صورت بے دخلی نہیں ہونے دیں گے ۔ وفاقی وزیر اسد عمر، وزیر اعظم کے معاون خصوصی علی نواز اعوان اور قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کے چیئرمین راجہ خرم نواز کے مشترکہ قانون کرایہ داری بل کو قومی اسمبلی سے چار ماہ قبل منظور کرلیا گیا تھا جس کے تحت کرایہ دار کو بلامعاوضہ بے دخل نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے وفاقی وزیر ہائوسنگ چوہدری طارق بشیر چیمہ سے اپیل کی کہ وہ بے دخلی کے معاملے پر تاجر نمائندوں سے میٹنگ کریں اور ان کا حق دلوانے کے لیے اقدامات کریں۔