چلتی ٹرینوں کو پتھر مارنے والوں کیخلاف مقدمات کا فیصلہ
مسافر پتھر لگنے سے زخمی ہونے کی شکایات پر ایس ایس پی ریلوے کی ہدایاتپتھر مارنے والے بچے گرفتار، والدین کے خلاف مقدمات درج کیے جائینگے
راولپنڈی (خاور نواز راجہ) ریلوے پولیس راولپنڈی ڈویژن نے چلتی ٹرینوں کو پتھر مارنے والوں کے خلاف مقدمات درج کرنے کا فیصلہ کیا ہے، چلتی ٹرین کو پتھر مارنے پر پکڑے جانے والوں پر مقدمہ درج کرایا جائے گا۔ ایس ایس پی ریلوے ریاض احمد بوسال نے ریلوے تھانوں کے ایس ایچ اوز، ریلوے سٹیشن اور ریلوے چوکی کے انچارج کو سختی سے ہدایات جاری کر دی ہیں۔ ریلوے پولیس کو شکایات ملی ہیں کہ بعض علاقوں میں بچے چلتی ٹرینوں کو پتھر مارتے ہیں جس سے ٹرینوںمیں مسافر پتھر لگنے سے زخمی ہو جاتے ہیں، ایسے اقدامات کی روک تھام کیلئے ایس ایس پی ریلوے متحرک ہو گئے ہیں، چلتی ٹرین پر پتھر پھینکنا اور ریلوے کی حدود میں غیر قانونی طور پر داخل ہونا قانوناً جرم ہے، چلتی ہوئی ٹرینوں کو پتھر مارنے والے بچوں کو گرفتار کر کے ان کے والدین کے خلاف ریلوے تھانوں میں مقدمات درج کیے جائیں گے اور ان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ریلوے ایس ایس پی ریاض بوسال نے ہدایات جاری کی ہیں کہ ایسے عناصر کے ساتھ سختی سے نمٹیں اور قانونی کارروائی کرتے ہوئے مقدمات درج کریں ۔