حکومت نے تاریخی اور عوام دوست بجٹ پیش کیا : علی نواز اعوان
عوام دوست بجٹ پیش کرنے پر عمران خان اور ان کی ٹیم کو مبارکباد، عوام دوست بجٹ پیش ہوا ،معاون خصوصی بجٹ سے نئی سمت کا تعین ہوا، پی ایس ڈی پی میں ریکارڈ فنڈز رکھے گئے ہیں،میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت
اسلام آباد (سٹی رپورٹر ) وزیراعظم کے معاون خصوصی علی نواز اعوان نے کہا ہے کہ حکومت نے تاریخی اور عوام دوست بجٹ پیش کیا جس کے لئے وزیراعظم عمران خان اور ان کی معاشی ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے ، جمعہ کو پیش کئے جانے والے وفاقی بجٹ کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے مشکل وقت میں تیسرا بجٹ پیش کیا جو عوام دوست ہے اور اس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کے لئے ریلیف دیا گیا ہے انہوں نے کہا کہ بجٹ سے نئی سمت کا تعین ہوا ہے اور ہم نے مستقبل میں سرمایہ کاری کی ہے ،سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 10 فیصد اضافہ کیا گیا ہے جبکہ ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن میں بھی 10 فیصد اضافہ ہوا ،ہمیں احساس ہے کہ مہنگائی زیادہ ہے جس کی بنیادی وجہ کووڈ - 19 ہے اور عالمی سطح پر قیمتوں میں بہت اضافہ ہوا تاہم اس کے اثرات تنخواہوں میں اضافہ کرکے کم کرنے کی کوشش کی گئی، پی ایس ڈی پی کی مد میں 900ارب روپے رکھے گئے ہیں جو گزشتہ پی ایس ڈی پی سے تقریباً 300 ارب روپے زیادہ ہیں، انہوں نے کہا کہ صنعتوں اور زرعی شعبے کو ریلیف فراہم کیا گیا ہے اور آبپاشی کے نظام اور پانی کے لئے 19 ارب روپے سے زائد کے فنڈز رکھے گئے ہیں اسی طرح آٹو انڈسٹری کے لئے ٹیکس ریلیف کا اعلان کیا گیا ہے ۔