پانی کم استعمال کرنیکی عادت ڈالنی ہوگی، زاہد بختاوری
انجمن شہریان ضرورت کے مطابق پانی استعمال کرنیکی مہم میں تعاون کریگی
راولپنڈی (نیوز رپورٹر) پانی کے بے جا اور غیر قانونی استعمال کو روکنے اور کم استعمال کی عادت ڈال کر دوسروں کی حق تلفی سے بچنا ہو گا، عوام کو ضرورت کے مطابق پانی کے استعمال کرنے کی عادت ڈالنے کی مہم میں انجمن شہریان بھرپور تعاون کریگی۔ ان خیالات کا اظہارزاہد بختاوری چیئرمین انجمن شہریان راولپنڈی رجسٹرڈ نے اپنے بیان میں کیا، انہوں نے کہا کہ سٹیشن کمانڈر بریگیڈئر اعجاز قمر کیانی کی ہدایت پر چکلالہ کینٹ میں پانی کے غیر قانونی استعمال کے خلاف مہم چلانے پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں، کینٹ میں غیر قانونی ہائیڈرنٹس، گھروں میں سکشن موٹرز، گاڑیوں کو دھونے اورسروس سٹیشنز میں بغیر ری سائیکل سسٹم جیٹ نوزلز کے استعمال سے اللہ تعالی کی نعمت ضائع کر کے نبیؐ کی ناراضگی کا سبب بن رہے ہیں۔ اپنے بیان میں زاہد بختاوری نے کہا کہ ہمیں اپنے ملک قوم اور آئندہ نسلوں کا خیال رکھ کر پانی ضرورت کے مطابق استعمال کر نے عادت ڈال کر پانی کے ذخائر کو محفوظ بنانا ہوگا۔