پولیس افسران کو روز 3گھنٹے شہریوں کے مسائل سننے کا حکم

پولیس افسران کو روز 3گھنٹے شہریوں کے مسائل سننے کا حکم

شام 4بجے سے 7بجے تک ہر تھانے میں ایک گزیٹڈ پولیس آفیسر ہوگا

راولپنڈی (احمد بھٹی) راولپنڈی پولیس کے تمام گزیٹڈ افسران کو روزانہ تین گھنٹے تھانے میں شہریوں اور پولیس کے مسائل سننے کے احکامات جاری ،تفتیش کے امور کی بھی نگرانی کر ینگے ، تفصیلات کے مطابق راولپنڈی پولیس میں انصاف کی فراہمی اور افسران کی براہ راست شہریوں تک رسائی کیلئے سٹی پولیس آفیسر احسن یونس کی جا نب سے نئی پالیسی کا آغاز کردیا گیا جس کے تحت ایس ایس پیز، ایس پیز اور ڈی ایس پیز روزانہ 4بجے شام سے 7بجے شام تک کسی ایک تھانے میں ایک آفیسر موجود ہو گا اور سب سے پہلے حکم نامہ طلبی کے تحت بلائے گئے افراد کو چیک کر ے گا ، ریکارڈ کا جائزہ لیکر اس کی تصدیق کی جائیگی کہ جعلی حکم نامہ طلبی کے ذریعے تو کسی کو نہیں بلایا جا رہا ، اس کے ساتھ ساتھ تھانہ کے امور تفتیش اور گرفتاری کے امور کے لئے تیار کردہ چیک لسٹ کا بھی جائزہ لیا جا ئے گا ، پولیس ملازمین کی گزارشات بھی سنی جائینگی ۔تھانہ کی صفائی سکیورٹی اور اشتہاریوں کی گرفتاری کے نظام کو بھی چیک کرینگے ، سی پی او احسن یونس نے دنیا سے گفتگو کرتے ہو ئے کہا کہ ڈی ایس پی اپنے سرکل کے تھانے ایس پی اپنے ڈویژن اور ایس ایس پیز کسی بھی تھانے میں بیٹھیں گے ،اس سے پولیس کلچر میں بہتری اور شہریوں کو انصاف کی فراہمی ممکن ہو گی کوئی بھی پولیس اہلکار اختیارات سے تجاوز نہیں کر سکے گا ، یہ عمل ابتدائی طور پر14 دنوں کیلئے شروع کیا گیا ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں