عید پر ون ویلرز کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ
شہری کم عمر بچوں کو موٹر سائیکل اور گاڑی چلانے کے لئے نہ دیں،ٹریفک پولیس
اسلام آباد (خبر نگار )اسلام آباد ٹریفک پولیس نے عیدالاضحی کی چھٹیوں کے دوران ون ویلنگ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کیا ہے ون ویلنگ کرنے والے موٹر سائیکل سواروں،روڈ پر ہلڑ بازی اور فیملی کے ساتھ سفر کرنیوالے شہریوں سے بدتمیزی کرنیوالے اور بغیر سائلنسر کے موٹر سائیکل سواروں کے خلاف کریک ڈاؤن کے لئے بڑی شاہراہوں پر خصوصی سکواڈ اوراسلام آباد کی مختلف اہم شاہراہوں پر ناکے لگائے جائیں گے ، اس موقع پر شہریوں سے اپیل کی گئی کہ ون ویلنگ ایک خطرناک اور جان لیوا کھیل ہے ،جسکی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی،شہری اپنے بچوں کو ون ویلنگ سے روکیں اور کم عمر بچوں کو موٹر سائیکل اور گاڑی چلانے کے لئے نہ دیں۔