کشمیر کی آزادی کی منزل قریب آگئی، راشد حفیظ
ن لیگ کو عوام نے مسترد کر دیا، کشمیر میں پی پی کی سیاست محدود ہو گئی
راولپنڈی(نیوزرپورٹر)پنجاب کے وزیر خواندگی و غیر رسمی بنیادی تعلیم راجہ راشد حفیظ نے آزاد کشمیر کے الیکشن میں تحریک انصاف کی بے مثال کامیابی پر وزیر اعظم عمران خان اور مرکزی قیادت سمیت پی ٹی آئی کے تمام کامیاب امیدواروں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ اب مقبوضہ کشمیر کی آزادی کی منزل زیادہ آسان اور قریب آ گئی ہے ۔ یہ بات انہوں نے پی ٹی آئی کے کامیاب ہونے والے امیدواروں کو مبارکباد دیتے ہوئے اپنے ایک بیان میں کہی ۔راجہ راشد حفیظ نے کہا کہ ن لیگ کو کشمیر کے عوام نے یکسر مسترد کر دیا ہے جبکہ کشمیر کی سیاست میں پی پی پی کا کردار بھی محدود ہو گیا ہے ، انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کی تعمیر و ترقی اور مقبوضہ کشمیر کی آزادی کیلئے عملی جدوجہد ہماری جماعت کا منشور ہے ،انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن نے کشمیر کاز کیلئے کوئی کام نہیں کیا مگر اس کے باوجود وہ اپنے ذاتی مفاد کی خاطر نتائج نہ ماننے کا اعلان کر رہے ہیں جس کی کوئی اہمیت نہیں ۔