آر ایس ایس کے نظریے کو شکست، کشمیر کا سفیر جیت گیا : علی نواز اعوان

آر ایس ایس کے نظریے کو شکست، کشمیر کا سفیر جیت گیا : علی نواز اعوان

کشمیری عوام نے موروثی سیاست کے علمبرداروں کو مسترد کر دیا ،عمران خان انکے اعتماد پر پورا اتریں گے ،معاون خصوصی،ووٹرز نے مریم نواز اور بلاول بھٹو کو مسترد کرکے ثابت کیا کہ کشمیری عوام کو کھوکھلے نعروں سے بہکایا نہیں جا سکتا، بیان

اسلام آباد ( خصو صی وقائع نگار،سٹی رپورٹر ) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور سی ڈی اے علی نواز اعوان نے آزاد کشمیر کے انتخابات میں شاندار کامیابی پر وزیراعظم عمران خان اور تحریک انصاف آزاد کشمیر کے کارکنان کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ آر ایس ایس کا نظریہ ہار گیا کشمیر کا سفیر جیت گیا، آزاد کشمیر کے عوام نے عمران خان کی قیادت پر جو اعتماد کا اظہار کیا ہے وہ قابلِ تحسین ہے ، عمران خان کشمیری عوام کو مایوس نہیں کریں گے اور کشمیر کے حقیقی سفیر ثابت ہونگے ، انتخابات میں پی ٹی آئی کی شاندار فتح کے بعد اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام نے سٹیٹس کو کے جمود کو توڑا ہے اور موروثی سیاست کے علمبرداروں کو شکست فاش دی ہے ، ووٹرز نے مریم نواز اور بلاول بھٹو کو مسترد کرکے ثابت کیا ہے کشمیری عوام کو جھوٹے وعدوں اور کھوکھلے نعروں سے بہکایا نہیں جا سکتا، انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام نے کھوٹے اور کھرے کی پہچان کر لی، مریم نواز کی طرف سے الیکشن میں دھاندلی کے الزامات پر اظہار خیال کرتے ہوئے علی نواز اعوان نے کہا کہ ن لیگ بوکھلاہٹ کا شکار ہے بلند بانگ دعوئو ں کی بجائے انہوں نے اگر کشمیر میں کوئی کام کیا ہوتا تو آج یہ دن نہ دیکھنا پڑتا، وزیراعظم کے معاونِ خصوصی نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان انشاء اللہ کشمیر کے لئے بہترین ٹیم تشکیل دیں گے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں