ریسٹورنٹس اور ہوٹلنگ سیکٹر کو صنعت کا درجہ دیا جائے ،خرم خان
اقدام سے شعبے کو سستی بجلی اور پانی کی فراہمی کے علاوہ دیگر سہولیات بھی ملیں گی
اسلام آباد (دنیا رپورٹ )ہوٹلز کی رہنما تنظیم اسلام آباد ریسٹورنٹس ایسوسی ایشن (آئی آر اے ) نے وفاقی حکومت سے ریسٹورنٹس اور ہوٹلنگ سیکٹر کو صنعت کا درجہ دینے کا مطالبہ کیا ہے ، تنظیم کے صدر خرم خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صنعت کا درجہ ملنے سے ہوٹلنگ کے شعبے کو نہ صرف سستی بجلی اور پانی کی فراہمی کے علاوہ پراپرٹی ٹیکس اور لائسنس کی فیسوں میں بھی کمی ممکن ہو گی،اسلام آباد ریسٹورنٹس ایسوسی ایشن کے مطالبے پر تبصرہ کرتے ہوئے ماہر اقتصادیات شاہد اقبال کا کہنا ہے کہ اس شعبہ میں غیر ملکی سرمایہ کاری کی بڑی گنجائش موجود ہے جو ملک کی معاشی ترقی کے لئے کلیدی حیثیت رکھتی ہے ،اس شعبے کو صنعت کا درجہ ملنے سے نئے سرمایہ کار اس شعبے میں سرمایہ کاری کریں گے جس سے ملک میں روزگار کے مزید مواقع پیدا ہوں گے ۔