کامسٹیک اور آئی سی جی ای بی کے درمیان ایم اویو پر دستخط
دونوں اداروں کے درمیان اشتراک سے رابطے کو بڑھانے میں مدد ملے گی
اسلام آباد (نامہ نگار)کامسٹیک نے بین الاقوامی مرکز برائے جینیٹک انجینئرنگ اینڈ بائیوٹیکنالوجی( آئی سی جی ای بی ) کے ساتھ مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کردیئے جس سے دونوں اداروں کے درمیان باہمی اشتراک کے ساتھ ثقافتی، سائنسی اور باہمی رابطے کو بڑھانے میں مدد ملے گی، دونوں اداروں نے نئی ٹیکنالوجیز ، جدید جینومکس، بائیوٹیکنالوجی اور حیاتیات جیسے مشترکہ مفادات کے شعبوں میں باہمی تعاون کو فروغ دینے کے لئے سائنس ، تعلیم اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون پر اتفاق کیا ہے ، کامسٹیک اور آئی سی جی ای بی مشترکہ مفادات کے شعبوں میں مشترکہ فیلو شپس اور گرانٹ سکیموں سمیت سائنس کانفرنسوں اور سیمینارز میں طلبااور سائنس دانوں کی شرکت کے لئے مدد فراہم کریں گے اور سائنسی و تکنیکی معلومات کے تبادلے کی حوصلہ افزائی کے لئے تعاون کریں گے ۔