احساس ریڑھی بان منصوبہ پورے شہر میں شروع کیا جائیگا ،ثانیہ نشتر
معاون خصوصی کا G-11 کا دورہ ، سٹریٹ وینڈرزاور مائیکرو فنانس بینکرز سے بات چیت
اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) وزیر اعظم کی معاون خصوصی سینیٹر ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے اسلام آباد میں G-11 مرکزمیں احساس ریڑھی بان سائٹ کا دورہ کیا،انہوں نے سٹریٹ وینڈرزاور مائیکرو فنانس بینکوں کے عہدیداروں سے بات چیت کی اور اس اقدام کے تحت سٹریٹ وینڈنگ میں جاری اصلاحات کا جائزہ لیا، ڈاکٹر ثانیہ نے بتایا کہ جی 11 اور جی 10 تجارتی علاقوں میں احساس ریڑھی بان منصوبے کے کامیاب آغاز کے ساتھ حکومت اس اقدام کی توسیع کیلئے کوشاں ہے ، فی الحال جی -11 اور جی -10 کے علاقوں میں اپنے اکاؤنٹ میں یا مائیکرو فنانس قرضوں کے ذریعے یہ سہولت فراہم کی جارہی ہے ، بعد میں اس اقدام کو پورے دارالحکومت میں وسعت دی جائے گی،اس موقع پر تین مائیکرو فنانس بینکوں یعنی یو مائیکرو فنانس بینک ، اپنا مائیکرو فنانس بینک اور موبی لنک مائیکرو فنانس بینک کے نمائندے بھی موجود تھے ، انہوں نے ڈاکٹر ثانیہ کو احساس ریڑھی بان اقدام کے تحت دکانداروں کے لئے دستیاب مائیکرو فنانسنگ کی مختلف سہولیات کے بارے میں بتایا،ڈاکٹر ثانیہ نے مزید کہا کہ مائیکرو فنانس بینکوں کے ذریعے آسان شرائط و ضوابط پر مزید کارٹوں کی مالی اعانت کی جائے گی۔