ایف بی آر ڈیوائسزکی تنصیب سے پہلے اعتماد میں لے ،یاسر الیاس

ایف بی آر ڈیوائسزکی تنصیب سے پہلے اعتماد میں لے ،یاسر الیاس

حکومت پی او ایس سسٹم کی بجائے سیلف اسیسمنٹ سکیم پر زیادہ توجہ دے ،صدر چیمبر

اسلام آباد (اپنے رپورٹرسے ) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر سردار یاسر الیاس خان نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ایف بی آر کاروباری اداروں اور دکانوں میں پوائنٹ آف سیل (پی او ایس) ڈیوائسز کی تنصیب سے پہلے تاجروں اور تمام مارکیٹ ایسوسی ایشنز کو پوری طرح اعتماد میں لے تاکہ مشترکہ کوششوں سے ٹیکس کی بنیاد کو وسعت دی جائے اور ملک کے ٹیکس ریونیو کو مزید بہتر کیا جائے ،حکومت پی او ایس سسٹم کی بجائے سیلف اسیسمنٹ سکیم پر زیادہ توجہ دے جس سے تاجروں میں نیا اعتماد پیدا ہو گا اور وہ سیلف اسیسمنٹ سکیم کے تحت ٹیکس دینے میں زیادہ ترغیب محسوس کریں گے ، انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں سیلف اسیسمنٹ سکیم ٹیکس ریونیو کو بہتر کرنے میں زیادہ کامیاب ثابت ہو گی،انھوں نے کہا کہ تاجر ملک میں کاروباری اور معاشی سرگرمیوں کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں لہٰذا ان کی عزت و وقار کا خصوصی خیال رکھا جائے اور حکومت ہر اس اقدام سے گریز کرے جس سے کاروباری برادری میں کسی قسم کے خوف و ہراس کا احساس پیدا ہو۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں