ایف ڈی ای تمام کلاسز کے الگ سے امتحانات لے گا، ڈاکٹر اکرام
اساتذہ و دیگر سٹاف کی روزانہ حاضری چیک ہو گی ،کوئی کوتاہی برداشت نہیں کریں گے
اسلام آباد(سٹی رپورٹر)ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی ای ڈاکٹر اکرام نے کہا ہے کہ وفاقی نظامت تعلیم کی تنخواہوں پر اربوں روپے خرچ ہوتے ہیں اس کا مصرف حلال اور ایمانداری سے ہونا چاہئے ، ایف ڈی ای اب پنجم اور ہشتم کے امتحانات کے علاوہ تمام کلاسز کے الگ سے انٹرنل امتحانات لے گا، اساتذہ و دیگر سٹاف کی روزانہ حاضری چیک ہو گی اور انہیں بذریعہ ای میل اطلاع دی جائے گی ،کوئی کوتاہی برداشت نہیں کریں گے ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد ماڈل کالج آئی فورٹین تھری میں ترنول سیکٹر کے اجلاس سے خطاب میں کیا جس میں ایریا ایجوکیشن آفیسرڈاکٹر احسان محمود، ڈائریکٹر آصف خان ،عبدالوحید اور 56اداروں کے پرنسپل صاحبان نے شرکت کی، پرنسپل کالج شازیہ وزیر ،صدر طالبات کونسل نمرہ بی بی نے ڈی جی کو پھول پیش کئے اور ادارہ کی رپورٹ کے علاوہ مسائل کے حوالے سے بریف کیا جس پر انہوں نے خستہ حال کالج کی مرمت کرنے اور اسکی تزئین و آرائش کرنے کیلئے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی اور موقع پر بھی احکامات جاری کئے ۔