پلاسٹک آلودگی سے یرقان، کینسرکے امراض پھیلتے ہیں،شبلی فراز
پلاسٹک کے فضلے کو غلط طریقے سے ٹھکانے لگانے سے ماحول پر منفی اثرات پڑتے ہیں ،مسئلہ پلاسٹک کے استعمال کا نہیں اسے تلف کرنیکا ہے ،وفاقی وزیرکاورکشاپ سے خطاب
اسلام آباد(نامہ نگار،سٹی رپورٹر) وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈٹیکنالوجی شبلی فراز نے کہاکہ پلاسٹک ویسٹ سے انسانی زندگی کو سنگین خطرات لاحق ہیں پلاسٹک کی آلودگی سے ہیپاٹائٹس، کینسر، پھیپھڑوں اور گردوں کے امراض پھیلتے ہیں،مسئلہ پلاسٹک کے استعمال کا نہیں اسے استعمال کرکے تلف کرنے کا ہے ۔پلاسٹک ویسٹ سے متعلق عوامی آگاہی مہم چلانی چاہئے تاہم وزارت سائنس و ٹیکنالوجی آگاہی مہم کیلئے بھرپور تعاون کرے گی ۔ گزشتہ روز ان خیالات کا اظہار پاکستان سائنس فائونڈیشن میں انسانی صحت کو بہتر بنانے کیلئے موثر پلاسٹک ویسٹ مینجمنٹ کے چیلنجز اور حکمت عملی پر پہلی ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ پلاسٹک کے فضلے کو غلط طریقے سے ٹھکانے لگانے سے ماحول پر نمایاں منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ ہماری وزارت ویسٹ مینجمنٹ کیلئے نئی ٹیکنالوجی کے ذریعے مدد فراہم کرے گی ۔ اس موقع پر کنٹری ڈائریکٹر پٹریشا میک فلپس نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ یونیسکو یونیورسٹی طلبہ میں پلاسٹک ویسٹ مینجمنٹ کے لئے کام کررہی ہے ۔ سیمینار کے بعد میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر شبلی فراز نے کہاکہ ماحولیاتی اقدامات پر عمل درآمد کے لئے ریگولیٹری اتھارٹی ناگزیر ہے ۔