5اگست کے غیرقانونی اقدامات تذویراتی غلطی:زبیر محمود حیات
بھارتی اقدامات سے مقبوضہ کشمیر میں آبادی کا تناسب تبدیل ہو چکا:سردار مسعود خان ،آزاد کشمیر عبوری صوبہ کی حیثیت پر غور ہونا چاہئے :ایئر مارشل (ر) مسعود اختر، خطاب
اسلام آباد (خصوصی نیوز رپورٹر) 5اگست 2019 کے غیرقانونی اقدامات تذویراتی غلطی تھی جس نے ٹیبل پر تمام آپشنز کا دروازہ کھول دیا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار جنرل زبیر محمود حیات(ر) سابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی نے سینٹر فار ایرو سپیس اینڈ سکیورٹی سٹڈیز(CASS) کے ویبینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جنرل (ر) زبیر محمود حیات نے کہا غیر قانونی بھارتی اقدامات نے مسئلہ کشمیر کی ایٹمی فلیش پوائنٹ کے طور پر اہمیت کو مزید اجاگر کر دیا ہے ۔ پاکستان کو اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل پر زور دینا چاہیے کہ وہ بھارت کی عالمی قوانین کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے ۔ صدر آزاد جموں و کشمیر سردار مسعود خان نے کہا غیر قانونی بھارتی اقدامات کے نتیجے میں مقبوضہ کشمیر میں آبادی کے تناسب میں تبدیلی آچکی ہے ، عالمی برادری اس صورتحال کا فوری نوٹس لے ۔ سابق چیف آف ایئر سٹاف (ٹریننگ) ایئر مارشل مسعود اختر کا کہنا تھا کہ آزاد جموں و کشمیر کو عبوری صوبہ کی حیثیت دینے پر غور اور کشمیریوں کو مذاکرات میں فریق کا درجہ ملنا چاہئے ۔ ایئر مارشل فرحت حسین خان(ر) نائب صدر سی اے ایس ایس نے کہا کہ بڑھتے ہوئے بھارتی مظالم اور جبر و استبداد کے باوجود کشمیریوں کی بھارتی تسلط سے آزادی کی جدوجہد قابل ستائش ہے ۔ کشمیریوں اور اقلیتوں پر بھارتی مظالم آر ایس ایس کی سوچ پر مبنی بی جے پی کے ایجنڈے کا حصہ ہے جس سے وا ضح ہو گیا کہ بھارت سیکولر ریاست نہیں رہا۔ بی جے پی کی حکومت کشمیریوں سے ان کی شناخت چھیننا چاہتی اور اپنے جنگی جرائم دنیا سے چھپانا چاہتی ہے ۔