ہماری سوچ ترقی پسندانہ، سٹیٹس کو چیلنج کرکے آئے ہیں، علی نواز اعوان
عوام نے تحریکِ انصاف کو تبدیلی کا مینڈیٹ دیا، الیکشن کمیشن کو تحفظات میڈیا نہیں حکومت کیساتھ شیئر کرنے چاہیے تھے ضابطہ اخلاق کا اطلاق صرف سیاستدانوں نہیں تمام شعبہ ہائے زندگی، عدلیہ، الیکشن کمیشن، میڈیا پر ہونا چاہیے:معاون خصوصی
اسلام آباد (اپنے رپورٹر سے)وزیر اعظم کے معاونِ خصوصی برائے امُورِ سی ڈی اے علی نواز اعوان نے کہا عوام نے پاکستان تحریکِ انصاف کو تبدیلی کا مینڈیٹ دیا، ہماری سوچ ترقی پسندانہ ہے، ہم سٹیٹس کو چیلنج کرکے آئے ہیں، الیکشن کمیشن کو اگر الیکٹرانک ووٹنگ مشین پر تحفظات تھے تو میڈیا کے ساتھ نہیں حکومت کے ساتھ شیئر کرنے چاہیے تھے، انہوں نے کہا پاکستان تحریک انصاف کی حکومت تبدیلی کا مینڈیٹ لے کر اقتدار میں آئی، قوانین ہوں یا روایات ان میں تبدیلی ہوتی رہتی ہے۔ کوئی بھی قانون ہمیشہ نہیں چلتا اس میں وقت اور ضرورت کے لحاظ سے تبدیلیاں ہوتی ہیں اور نئے قوانین بھی بنتے ہیں۔ علی نواز اعوان نے کہا دیگر جماعتیں قدامت پسند سوچ رکھتی اور سٹیٹس کو کی حامی ہیں اسی لیے ہماری حکومت کی تبدیلی کی کوششوں کی مخالفت ہوتی ہے۔ ضابطہ اخلاق کا اطلاق صرف سیاستدانوں نہیں تمام شعبہ ہائے زندگی بشمول عدلیہ، الیکشن کمیشن اور میڈیا پر ہونا چاہیے۔