آسٹریلیا اور پاکستانی ثقافت :دوبسوں پر آرٹ نمائش کا آغاز
لاہور،اسلام آباد میں ورکشاپوں کا انعقاد ، آرٹ و ڈیزائن کے قریباًسو طلبہ کی شرکت
اسلام آباد (وقائع نگار )آسٹریلوی ہائی کمیشن نے پاکستانی آسٹریلوی فنکاروں عمران احمد،فاطمہ سعید ودیگر مقامی اور ابھرتے ہوئے فنکاروں اور طلباء کے تعاون سے دو پبلک بسوں پر آسٹریلوی اور پاکستانی فن پاروں کی نمائش کی ،نمائش کا مقصد آسٹریلیا اور پاکستان کے درمیان ثقافتی روابط کو فروغ دینا ہے ،پبلک ٹرانسپورٹ کو سجانے کی پاکستان کی خوبصورت روایت کو سراہتے ہوئے آسٹریلوی ہائی کمشنر ڈاکٹر جیفری شا نے کہا کہ دونوں ممالک متنوع ثقافت کے حامل ہیں ،بسوں کو پینٹ کرنے کیلئے پاکستان کے مایہ ناز آرٹسٹوں کے زیراہتمام سعید اختر سٹوڈیو لاہور اور لوک ورثہ اسلام آباد میں ورکشاپوں کا انعقاد کیا گیا، ان ورکشاپوں میں پاکستان کے ممتاز تعلیمی اداروں سے تعلق رکھنے والے آرٹ اور ڈیزائن کے تقریباً سو طلبہ نے حصہ لیا،یہ بسیں پورے پاکستان میں سفر کریں گی جہاں پاکستانی رہائشی ، مسافر اور مزدور سال بھر پہیوں پر گھومتی اس آرٹ کی نمائش سے لطف اندوز ہو سکیں گی،پاکستانی آسٹریلوی فنکاروں عمران احمد اور فاطمہ سعید نے یونیورسٹی آف نیو ساؤتھ ویلز، سڈنی میں تعلیم حاصل کی اور دونوں ممالک میں اپنے کئی قابل ستائش فن پاروں کی نمائش کی ہے ۔