سینئر صحافی سی آر شمسی سپردخاک، شہباز شریف پارک میں نماز جنازہ

سینئر صحافی سی آر شمسی سپردخاک، شہباز شریف پارک میں نماز جنازہ

فواد چودھری ، شیخ رشید اور دیگر کا خراج عقیدت ، رسم قل آج بعداز نماز عصرراولپنڈی میں ہوگی

راولپنڈی، اسلام آباد (خصوصی نیوزرپورٹر) سینئر اور معروف صحافی سی آر شمسی کو سینکڑوں سوگواروں کی موجودگی میں کری روڈ کے قبرستان میں سپردخاک کردیاگیا، نماز جنازہ شہباز شریف پارک میں ادا کی گئی جس میں صحافتی تنظیموں کے علاوہ ہر مکتب فکر سے تعلق رکھنے والے سیاسی اور سماجی افراد نے بھرپور شرکت کی، سی آر شمسی کا حرکت قلب بند جانے سے گزشتہ رات انتقال ہوا تھا،مرحوم کی عمر62سال تھی اور وہ45سال صحافت کے شعبے میں مختلف پوزیشنوں پر رپورٹر سے لیکر ایڈیٹر تک کے فرائض سرانجام دیتے رہے ،وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چودھری فواد حسین ،وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد ،وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب ، سابق چیئرمین سینیٹ اور پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما نیئر حسین بخاری، سویٹ ہومز کے سربراہ زمرد خان ، پیمرا چیئرمین محمد سلیم بیگ ،سابق ایم پی اے ضیااللہ شاہ ،سردار اسلم رضا خان اور علیم چودھری کے علاوہ پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کے صحافیوں اور دیگر نے اپنے الگ الگ تعزیتی بیانات میں کہا کہ مرحوم صحافی برادری کی ایک توانا آواز اور انتہائی نفیس انسان تھے ،سی آر شمسی کی شعبہ صحافت اور آزادی صحافت کیلئے لازوال جدو جہد ہمیشہ یاد رکھی جائے گی،اللہ تعالی مرحوم کوجنت میں اعلیٰ مقام عطا کرے ، ان کے درجات بلند کرے اور مرحوم کے لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے ،مرحوم کی رسم قل آج بعداز نماز عصران کی رہائش گاہ واقع اصغر مال سکیم راولپنڈی میں ادا کی جائے گی ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں