آزاد کشمیر میں وکلا کے مسائل حل کروں گا ،قیوم نیازی
عدلیہ اور وکلاء کی تمام ضروریات پوری کریں گے ،وکلا وفد سے بات چیت
اسلام آباد،راولپنڈی(خصوصی نامہ نگار، خبر نگار )وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر میں انصاف کے نظام کی مضبوطی کے لئے تمام ممکن اقدامات اٹھائیں گے ، عوام کو سستے اور فوری انصاف کی فراہمی میری حکومت کی اولین ترجیح ہے ، قانون کی حکمرانی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں کشمیر ہاؤس میں صدر ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن راولپنڈی بینچ سردار عبد الرازق ایڈووکیٹ کی قیادت میں ملنے والے وفد سے ملاقات کے دوران کیا، وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ وکلاء کمیونٹی کی معاشرے میں اہمیت کا ادراک ہے اور ان کے مسائل سے بھی آگاہ ہوں، انہیں حل کروں گا ، ریاست میں عدلیہ اور وکلاء کی تمام ضروریات پوری کریں گے ،اس موقع پر صدر ہائی کورٹ بار نے وزیراعظم آزاد کشمیر کو راولپنڈی بار کے دورے کی دعوت دی جسے وزیر اعظم نے قبول کر لیا۔