ڈرائیونگ سیٹ چھوڑ کر گاڑی چلانے والا ٹک ٹاکر گرفتار

ڈرائیونگ سیٹ چھوڑ کر گاڑی چلانے والا ٹک ٹاکر گرفتار

ملزم کروز کنٹرول لگا کر ڈرائیونگ سیٹ خالی چھوڑ کر دوسری سیٹ پر چلا گیا ،خطرناک حرکت کی ویڈیو سوشل میڈیا پر بھی شیئر کی، ایف آئی آر درج

اسلام آباد (خبر نگار) موٹروے پولیس نے چلتی گاڑی کی ڈرائیونگ سیٹ چھوڑ کر دوسری سیٹ پر بیٹھ کر گاڑی چلانے اور ویڈیو بنانے والا ٹک ٹاکر گرفتار کر لیا۔ ترجمان کے مطابق ملزم اعزاز شاہ ایم ون پر انتہائی غفلت اور لاپرواہی کا مظاہرہ کرتے ہوئے چلتی گاڑی میں کروز کنٹرول لگا کر ڈرائیونگ سیٹ خالی چھوڑ کر دوسری سیٹ پر چلا گیا، اس نے خطرناک حرکت کی ویڈیو بنائی اور سوشل میڈیا پر شیئر کر دی۔ جب معاملہ موٹروے پولیس کے علم میں آیا تو موٹروے پولیس نے تفتیش شروع کر دی جس دوران پتا چلا کہ ملزم نے نہ صرف دوران ڈرائیونگ غفلت کا مظاہرہ کیا بلکہ وہ اسلحہ کی نمائش میں بھی ملوث ہے۔ ملزم کو سراغ لگا کر گرفتار کرکے اس کے خلاف ایف آئی آر درج کر لی گئی ۔ اس موقع پر سیکٹر کمانڈر ایم ون شاہ اسد خان کا کہنا تھا کہ سنگین غفلت اور لاپرواہی کا مظاہرہ کرنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں