کاربن اخراج میں کمی کیلئے پاک چین تعاون ضروری:ماہرین
پاکستان میں کاربن اخراج کمی سے برآمدات میں برتری حاصل ہوگی:چانگ جیانیو ،ہمیں آلودگی پھیلانے والی ٹیکنالوجیز اور صنعتوں سے بچنا ہوگا:ضمیر احمد اعوان
اسلام آ باد (دنیا رپورٹ) ماہرین نے کاربن اخراج میں کمی کیلئے پاک چین تعاون پر زور دیا ہے، بی آر آئی گرین ڈویلپمنٹ انسٹی ٹیوٹ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر چانگ جیانیو نے کہا کاربن کے اخراج کے ٹریڈنگ سسٹم سے پاکستان میں کاربن کے اخراج میں کمی سے برآمدات میں برتری حاصل ہو گی، بیلٹ اینڈ روڈ ممالک کا کاربن کے عالمی اخراج میں 60 فیصد سے زیادہ حصہ ہے۔ چائنہ اکنامک نیٹ کے مطابق اس حوالے سے منعقدہ کانفرنس میں چانگ جیانیو نے کہا کاربن مارکیٹ کی خصوصیت اس کے اخراج کا ٹریڈنگ سسٹم ہے، جون میں پاکستان، چین اور دیگر بی آر آئی ممالک نے سبز ترقی کیلئے بی آر آئی پارٹنرشپ کا آغاز کیا ہے۔ سابق سائنس اینڈ ٹیکنالوجی قونصلر ضمیر احمد اعوان نے چائنا اکنامک نیٹ کو انٹرویو میں بتایا کہ ہمیں آلودگی پھیلانے والی ٹیکنالوجیز اور صنعتوں سے بچنا ہوگا۔ کوئی بھی ملک جو اپنی معیشت کو ماحول پر ترجیح دیتا ہے وہ بالآخر اس کی قیمت ادا کرے گا۔ الیکٹرک پاور ڈویلپمنٹ ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے اسسٹنٹ صدر وانگ ژیو سونگ نے کہا ڈی کاربونائزیشن ہدف کے حصول کیلئے نئی قسم کا پاور سسٹم ضروری ہے۔