مریض کی موت:ہائیکورٹ کا نجی ہسپتال کو جرمانہ ادائیگی کا حکم
اسلام آبادہیلتھ اتھارٹی نے انتظامیہ کو ساڑھے 7لاکھ، فی ڈاکٹر 1لاکھ جرمانہ کیا ،ہائیکورٹ نے فیصلے تک جرمانہ ادا کرنیکا حکم دیا جو ہسپتال کی انتظامیہ نے ادا کر دیا
اسلام آباد (نیوزرپورٹر) نجی ہسپتال نے وفاقی سیکرٹری وزارت قومی صحت کے فیصلے کے خلا ف اسلا م آباد ہائی کورٹ سے رجوع کرلیا، اسلا م آباد ہائی کورٹ کے احکامات پر فیصلے تک نجی ہسپتال کی انتظامیہ نے جرمانے کی رقم اسلام آباد ہیلتھ کیئر ریگولیٹری کو جمع کروا دی ہے ۔ نجی ہسپتال نے اسلام آبا دہیلتھ ریگولیٹری اتھارٹی کی جانب سے ساڑھے 7لاکھ روپے جرمانے کے خلاف وفاقی سیکرٹری قومی صحت عامرا شرف خواجہ کو اپیل کی تھی۔ وفاقی سیکرٹری قومی صحت عامر اشرف خواجہ نے اسلام آباد ہیلتھ کیئر ریگولیٹری اتھارٹی کے فیصلے کو برقرار رکھا تھا۔ اتھارٹی نے اسلام آباد کی رہائشی مشعال حسن کی درخواست پر ان کے والد کی موت کو ہسپتال کی انتظامیہ اور ڈاکٹرز کی غفلت کانتیجہ قرار دیا اور ساڑھے 7لاکھ روپے اور فی ڈاکٹر ایک لاکھ روپے جرمانہ کیاتھا۔