این ٹی ایس پچھلی حکومت کا اچھا اقدام تھا، سردار قیوم نیازی
فاروق حیدر نے ساڑھے چار ہزار لوگوں کو مستقل کر کے اس پر پانی پھیر دیا
اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار)وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا ہے کہ گزشتہ دور حکومت میں راجہ فاروق حیدر کا این ٹی ایس کا اقدام اچھا تھا لیکن سابق وزیراعظم نے جاتے جاتے ساڑھے چار ہزار لوگوں کو مستقل کر کے اپنے اچھے اقدام پر پانی پھیر دیا، جعلی بھرتیوں سمیت سابق دور کی بہت ساری خرابیاں ورثے میں ملی ہیں جنھیں درست کرنے کیلئے کام کر رہے ہیں ،مسئلہ کشمیر، ریاستی تشخص اور مملکت پاکستان کے وقار پر کوئی آنچ نہیں آنے دونگا، ان خیالات کا اظہار انھوں نے یہاں کشمیر ہائو س میں کشمیر جرنلسٹس فورم کے وفد سے بات چیت کے دوران کیا،قبل ازیں وزیر اعظم سے حلقہ غربی باغ دھیرکوٹ کے وفد نے ملاقات کی جس میں حلقہ کے مسائل زیر بحث رہے ، وزیراعظم سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا کہ کنٹرول لائن سے ملحقہ تمام حلقوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے ،وزیراعظم نے دھیرکوٹ کے وفد کو یقین دلایا کہ دھیرکوٹ کی دونوں بڑی شاہرات کو ٹورازم پراجیکٹ میں شامل کیا جائے گا ۔