پاک چین ماہرین ڈیجیٹل ادائیگی کا بہترنظام بنائیں گے
چین ای کامرس میں دنیا کی قیادت کررہا ،پاکستان بھی کوشاں ہے ، سفیر معین الحق
اسلام آ باد (خصوصی وقائع نگار )پاکستان اور چین کے ماہرین ڈیجیٹل ادائیگی کے ایک بہتر نظام کی تشکیل میں مصروف ہیں ، گوادر پرو کے مطابق چوتھے بیلٹ اینڈ روڈ سروس ٹریڈ کوآپریشن فورم کے موقع پر ڈیجیٹل بیلٹ اینڈ روڈ کے عنوان سے منعقدہ ڈائیلاگ کے دوران چین میں تعینات پاکستان کے سفیر معین الحق نے کہا کہ پاکستانی حکومت ای کامرس کی ترقی پر توجہ دے رہی ہے جبکہ چین ای کامرس کے میدان میں دنیا کی قیادت کر رہا ہے ، گزشتہ سال چین کی ای کامرس ٹرانزیکشن 2 ٹریلین ڈالر تھی جو کہ امریکا اور یورپ میں کی جانے والی ای کامرس تجارت کے اعداد و شمار سے زیادہ ہے ، ہم امید کرتے ہیں کہ تمام بیلٹ اینڈ روڈ ممالک کے ساتھ مل کر کام کریں گے تاکہ ہمارے پورے ادائیگی کے نظام کو مزید موثر بنایا جا سکے ۔