چین اورپاکستان ہربل میڈیسن میں تعاون کو فروغ دینگے
چینی ہربل میڈیسن کی رجسٹریشن میں مکمل تعاون کرینگے، سفیرمعین الحق
اسلام آ باد (دنیارپورٹ)چین اور پاکستان ہربل میڈیسن میں تعاون کو فروغ دیں گے ، حالیہ ہفتے چین پاکستان کوآپریشن سینٹرکے بیجنگ دفتر میں منعقدہ اجلاس کے مطابق چین میں پاکستانی سفیر معین الحق، شنگھائی تعاون تنظیم سیکرٹریٹ میں پاکستان کے مستقل نمائندے رومان احمد اور چین میں پاکستانی سفارتخانے کے سیکنڈ سیکرٹری ذوالفقار علی نے ہربل میڈیسن کے بارے میں ڈبلیو ایچ او کے مشیر ، ایس پی سی سی ٹی سی ایم کے شریک ڈائریکٹر پروفیسر لیو ژن من اور ایس پی سی سی ٹی سی ایم کے نائب ڈائریکٹر پروفیسر وانگ چھیونگ سے ملاقات کی ۔ چائنا اکنامک نیٹ کے مطابق اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سفیر معین الحق نے کہا کہ ایس پی سی سی ٹی سی ایم پاکستان اور چین کے مابین ہربل میڈیسن میں تعاون کو بڑھانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ سفیر معین الحق نے پاکستان میں چینی ہربل میڈیسن کی رجسٹریشن اور کلینیکل ٹرائل کے حوالے سے ایس پی سی سی ٹی سی ایم کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی ۔