میٹرک، انٹرمیڈیٹ فیل طلبہ کوفارم کا اجراء شروع
راولپنڈی تعلیمی بورڈ کے تحت سپیشل امتحانات کا انعقاد 27نومبر، 11دسمبر کو ہو گا
راولپنڈی (خصوصی نامہ نگار)راولپنڈی تعلیمی بورڈ نے میٹرک اور انٹرمیڈیٹ میں فیل طلبہ کیلئے داخلہ فارم کا اجراء شروع کر دیا، سپیشل امتحانات کا انعقاد 27نومبر اور 11دسمبر کو کیا جائے گا۔ میٹرک نتائج سے غیر مطمئن طلبہ کے پرچوں کی ری چیکنگ کی درخواستوں کی وصولی بھی شروع کر دی گئی ہے ۔ شیڈول کے مطابق یکم نومبر تک فیل شدہ طلبہ سپیشل امتحان میں شرکت کیلئے داخلہ فارم جمع کرا سکتے ہیں جس کا انعقاد 11 دسمبر کو ہوگا۔ طلبہ سنگل فیس یکم نومبر تک جمع کرواسکیں گے جبکہ ڈبل فیس 8 نومبر اور تین گنا فیس جمع کرانے کی آخری تاریخ15 نومبر 2021 مقررکی گئی ہے ۔ انٹرمیڈیٹ میں داخلوں کیلئے داخلہ فارم کیلئے 26 اکتوبر آخری تاریخ مقرر کی گئی ہے ، ڈبل فیس یکم نومبر اور تین گنا فیس جمع کرانے کی آخری تاریخ8 نومبر 2021 مقررکی گئی، امتحان 27 نومبر کو منعقد ہوگا۔