عوام 31اکتوبر کو مہنگائی کیخلاف گھروں سے نکلیں، میاں اسلم
سراج الحق اسی روز نااہل حکو مت کیخلاف آئندہ کا لائحہ عمل کا اعلان کریں گے
اسلام آباد (اپنے رپورٹرسے ) جماعت اسلامی کے نائب امیر وسابق ممبر قومی اسمبلی میاں اسلم نے کہا ہے کہ اہل اسلام آباد 31اکتو بر کو جماعت اسلامی کی کال پر مہنگائی کے خلاف گھروں سے نکلیں اور ڈی چوک پر جمع ہوں جہاں امیر جماعت اسلامی سراج الحق کرپٹ اور نااہل حکو مت کے خلاف31اکتوبر کو آئندہ کا لائحہ عمل کا اعلان کریں گے ،پی ٹی آئی حکو مت نے ملک میں عوام کا جینا مشکل بنادیا ہے اور آنے والی نسلوں کو بھی آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کی غلامی کی ہتھکڑیاں پہنا دی ہیں،ان حالات میں جماعت اسلامی نے فیصلہ کیا ہے کہ حکومت کی غریب کش پالیسیوں کے خلا ف احتجاجی تحریک کا آغاز کیا جا ئے ، ان خیالات کا اظہار انھوں نے رابطہ عوام مہم کے دوران تر نول میں پختون برادری کے موثر افراد سے گفتگو کرتے ہو ئے کیا۔ میاں اسلم نے کہا اسلام آباد کے منتخب نمائندوں کے ہو تے ہو ئے اسلام آباد کے عوام حق نمائندگی سے محروم ہیں ، عوام نے جن لو گوں کو ووٹ دے کر اپنانمائندہ منتخب کیا انھوں نے منتخب ہو کرلو گوں کی تر جمانی کر نے کی بجائے قوم کی امنگوں کا خون کیا۔