کہوٹہ ہسپتال مسائل کی آماجگاہ، بنیادی سہولیات بھی میسر نہیں
سرجنز سمیت ڈاکٹرز کی کئی اسامیاں خالی، ٹیسٹ کی سہولیات نہ ہونے کے برابر
کہوٹہ (نمائندہ دنیا) تحصیل ہسپتال کہوٹہ مسائل کی آماجگاہ بن گیا، لاکھوں کی آبادی کیلئے ہسپتال میں بنیادی سہولیات موجود نہیں،دو سرجنز کی اسامیاں خالی پڑی ہیں، غریب لوگ چھوٹے سے آپریشن کیلئے بھی پرائیویٹ ہسپتالوں کو ہزاروں روپے دینے پر مجبور ہیں۔ ریڈیالوجسٹ نہ ہونے کی وجہ سے الٹراساؤنڈ کے لیے بھی پرائیویٹ ہسپتالوں میں بھیجا جاتا ہے ۔ خواتین مشکلات کا شکار ہیں ۔ ہسپتال میں ٹیسٹ کی سہولیات بھی نہ ہونے کے برابر ہیں ۔ آپریشن تھیٹر میں بے ہوشی والے ڈاکٹر سمیت 3اسامیاں خالی پڑی ہیں۔ علاقہ کے عوام نے کمشنر راولپنڈی سے اصلاح احوال کا مطالبہ کیا ہے ۔