میڈیکل گیس کیس میں سزایافتہ2افسران کونئی ذمہ داریاں تفویض

میڈیکل گیس کیس میں سزایافتہ2افسران کونئی ذمہ داریاں تفویض

افتخارناروکوگریڈ20کاچارج دیکرپولی کلینک کے ترقیاتی منصوبوں کاانچارج بنادیاگیا، فیاض شیخ کوپولی کلینک فارمیسی سمیت28ڈسپنسریوں کاانچارج بنانے کے احکامات

اسلام آباد(ایس ایم زمان)وزارت قومی صحت کے احکامات کے بغیر ایگزیکٹو ڈائریکٹر پولی کلینک نے میڈیکل گیس کیس میں سزا یافتہ اور ایف آئی اے میں کیس زیر سماعت ہونے کے باوجود گریڈ 19 کے افسر ڈاکٹر افتخار نارو کو گریڈ 20 کا چارج دے کر تمام ترقیاتی منصوبوں کا انچارج بنا دیا گیا ہے جبکہ ڈاکٹر فیاض شیخ کو پولی کلینک ہسپتال کی مرکزی فارمیسی سمیت 28 ڈسپنسریوں کا انچارج بنانے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں، پولی کلینک ہسپتال کی مرکزی فارمیسی سمیت ڈسپنسریوں کی ادویات کا سالانہ بجٹ 50 کروڑ روپے ہے ،ڈاکٹر افتخار نارو اور ڈاکٹر فیاض شیخ کے خلاف ایف آئی اے میں کیس زیر سماعت ہے ، میڈیکل گیس کے کیس میں شامل اسسٹنٹ ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر فرخ تاحال وزارت قومی صحت میں کام کررہے ہیں، معاون خصوصی برائے قومی صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے گزشتہ سال دسمبر میں ڈاکٹر افتخار نارو اور ڈاکٹر فیاض شیخ کے پولی کلینک میں تبادلے کے احکامات منسوخ کئے تھے ، ڈائریکٹر برائے معاون خصوصی و جوائنٹ سیکرٹری سلیم شہزاد، جوائنٹ سیکرٹری سجاد یلدرم اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر شاہد حنیف نے پیغام وصول ہونے کے باوجود جواب نہیں دیا ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں