پاکستان افغان عوام کے مسائل کے حل کیلئے کوشاں،صادق خان
ورکشاپ کی اختتامی تقریب سے قبلہ ایاز،ڈاکٹررادوان ،محمداسرارودیگرکااظہارخیال
اسلام آباد (اپنے رپورٹرسے ) اسلامی نظریاتی کونسل اور انٹرنیشنل ریسرچ کونسل برائے مذہبی امور کے زیر اہتمام پانچ روزہ ورکشاپ میں چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل ڈاکٹر قبلہ ایاز نے ترقی پذیر ممالک میں جمہوری اقدار کی اہمیت و ضرورت کے سلسلے میں پاکستان افغانستان کے درمیان اعتماد سازی اور مضبوط روابط کیلئے مکالمے پررائے دی، ورکشاپ کے اختتامی سیشن سے پاکستان کے نمائندہ خصوصی برائے افغانستان ایمبیسڈر صادق خان نے کہا کہ افغانستان کے عوام کے مسائل کے حل کیلئے حکومت پاکستان مسلسل کو شاں ہے، ورکشاپ کے شرکا نے پاکستان کے مختلف تھنک ٹینکس اور اداروں کا دورہ بھی کیا، ورکشاپ سے سینٹر فار سٹڈی آف اسلام اینڈ ڈیموکریسی واشنگٹن اور تیونس کے سربراہ ڈاکٹر رادوان مسمودی نے مسلم معاشروں میں رواداری ، برداشت، پرامن انتقال اقتدار اور جمہوریت کے مستقبل پر تفصیلی گفتگو کی ، انٹرنیشنل ریسرچ کونسل کے سربراہ محمد اسرار مدنی نے افغانستان میں امن کو پورے خطے کیلئے ناگزیر قرار دیا ، ایمبیسڈر ندیم ریاض صدر انسٹی ٹیوٹ آف ریجنل سٹڈیز اور دیگر نے بھی اظہار خیال کیا۔