تجاوزات اور غیر قانونی تعمیرات کے خلاف بھرپور آپریشن
فینسز، داخلی دروازے ، کمرہ، چار دیواریاں، شیڈز،سیڑھی اور سٹالز مسمار ،سامان ضبط
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر)سی ڈی اے حکام نے سیکٹر I-11، سیکٹر G-10/4، بری امام اور لہتراڑ روڈ پرتجاوزات اور غیر قانونی تعمیرات کے خلاف بھرپور آپریشن کئے ، تفصیلات کے مطابق سی ڈی اے عملے نے سیکٹر G-10/4 میں 45 گھروں کے باہر سرکاری اراضی پر بنائی گئی 20 فینسز، 8 داخلی دروازے ، 1 کمرہ، 8 چار دیواریاں، 6 شیڈز اور 1 سیڑھی بھاری مشینری کی مدد سے مسمار کر دیں، اسی طرح لہتراڑ روڈ کے اطراف تجاوزات ہٹانے کے لئے بھی بھر پور کارروائی کی گئی جس کے دوران تجاوز کنندگان کا 2 ٹرک سامان ضبط کر لیا، علاوہ ازیں سیکٹر I-11/4ٹمبر مارکیٹ سے ملحقہ سرکاری اراضی پر قائم کئے گئے درجنوں غیر قانونی ٹائلوں کے سٹالز مسمار کردئیے گئے بعدازاں تھرڈ روڈ بری امام نزد گیٹ نمبر 5 سرکاری اراضی پر نئی تعمیر ہونے والی غیر قانونی تعمیرات کو بھی بھاری مشینری کی مدد سے مسمار کردیا گیا۔