شہباز شریف کو صرف پاؤں پڑنے کا کام آتا ہے ، علی نواز اعوان
سرکاری ملازمین میرے دل کے قریب،مسائل سے بخوبی آگاہ ہوں،جی نائن ٹو میں انکے رہائشی بلاکس کیلئے 5 کروڑ گرانٹ دینے کا اعلان ، عدالتیں شریف فیملی سے رسیدیں مانگتی ہیں وہ کبھی کسی جج کی ویڈیو آڈیو سامنے لے آتے ہیں لیکن رسیدیں نہیں دیتی ،تقریب سے خطاب
اسلام آباد (خصوصی وقائع نگار ) وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے امورِ سی ڈی اے علی نواز اعوان نے کہا ہے کہ سرکاری ملازمین میرے دل کے قریب ہیں، جی نائن میں سرکاری ملازمین کے بلاکس کی تزئین نو کیلئے 5 کروڑ روپے دینے کا اعلان کرتا ہوں، کام فی الفور شروع ہوگا، شہباز شریف کو صرف پاؤں پڑنا آتا ہے ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے سیکٹر جی نائن ٹو میں سرکاری ملازمین کے رہائشی بلاکس کی تزئین نو کے کام کے افتتاح کے موقع پر تقریب کے دوران کیا، انہوں نے کہا کہ سرکاری ملازم کا بیٹا ہونے کے ناطے یہ ملازمین میرے دل کے قریب ہیں اور مجھے ان کے مسائل کا ادراک ہے ،کیٹیگری چھ کے ملازمین کے رہائشی بلاکس کی تزئین نو کے لئے 5 کروڑ روپے دے دیئے ہیں اور کام کا آغاز فی الفور کیا جا رہا ہے سرکاری ملازمین کی سہولت کیلئے جی نائن کے کمیونٹی سینٹر کی بحالی 5 کروڑ لاگت سے ہو چکی ہے ،جلد اس کا افتتاح ہو جائے گا اور ملازمین کو اپنے بچوں کی شادی کے لئے کسی بھی پرائیویٹ مارکی سے بہتر سروس فراہم کی جائے گی،اپوزیشن پر تنقید کرتے ہوئے علی نواز اعوان نے کہا کہ عدالتیں شریف فیملی سے رسیدیں مانگتی ہیں وہ کبھی کسی جج کی ویڈیو آڈیو سامنے لے آتے ہیں کبھی کسی کا ایفی ڈیوٹ لیکن رسیدیں نہیں دیتی، انہوں نے کہا کہ شہباز شریف سے عدالت نے پوچھا کہ حدیبیہ مل آپ کی ہے ،کہتے ہیں میری نہیں میرے والد کی ہے دوسری بچوں کی ہے اگر شہباز شریف کی اہلیت دیکھی جائے تو وہ صرف پاؤں پڑنے کی ہے ، اس موقع پرتحریک انصاف کے مرکزی رہنما عامر مغل نے بھی اظہارِ خیال کیا ۔