فنانس بل پر اپوزیشن کو ہمیشہ کی طرح منہ کی کھانا پڑی : علی نواز اعوان

فنانس بل پر اپوزیشن کو ہمیشہ کی طرح منہ کی کھانا پڑی : علی نواز اعوان

اسلام آباد (خصوصی رپورٹر)وزیراعظم کے معاونِ خصوصی اور ریجنل صدر تحریک انصاف اسلام آباد علی نواز اعوان نے کہا ہے کہ ہمیشہ کی طرح اپوزیشن کو منہ کی کھانا پڑی ہے اور حکومت نے فنانس بل کامیابی سے منظور کروا لیا ہے۔

 جمعہ کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ اپوزیشن صرف شور مچا سکتی ہے ان کے پاس عوام کے مسائل کا حل نہیں ،فنانس بل کے ذریعے اکانومی کی ڈاکومنٹیشن کی گئی ہے جبکہ سٹیٹ بینک کو خود مختاری دینا تحریک انصاف کے منشور کا حصہ تھا اپوزیشن کی طرف سے منی بجٹ کی وجہ سے واویلا کھوکھلا ہے ، بلاول بھٹو زرداری کو پارلیمانی روایات صرف قومی اسمبلی میں یاد آتی ہیں جس طرح سندھ اسمبلی میں تمام روایات اور آئین کو پس پشت ڈال کر قانون پاس کروائے جاتے ہیں وہ سب جانتے ہیں۔

علی نواز اعوان نے کہا کہ خواجہ آصف نے بہت اچھی بات کی کہ دو دو ارب روپے لگا کر شادیاں نہیں کرنی چاہئیں، کاش یہ مشورہ وہ مریم نواز کو براہ راست دے دیتے تاکہ پارلیمنٹ کا فورم استعمال نہ کرنا پڑتا، اس سے ثابت ہوتا ہے کہ خواجہ آصف جیسے سینئر رہنما بھی اپنی بات مریم کے سامنے کرنے سے ڈرتے ہیں، انہوں نے کہا کہ یہ کلچر صرف تحریک انصاف کا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے سامنے کوئی بھی کارکن اپنی بات کر سکتا ہے وہ چاہے پرویز خٹک ہو یا کوئی عام کارکن، اختلاف رائے تحریک انصاف کا خاصہ ہے ۔ 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں