سی پیک سے پسماندہ علاقوں کی کاروباری سرگرمیوں میں اضافہ
اسلام آباد ( خصوصی وقائع نگار ) سی پیک سے منسلک پاکستان کے پسماندہ علاقوں کی کاروباری اور تجارتی سرگرمیوں میں تیزی سے اضافہ ہونے لگا۔
ہزارہ موٹر وے سے مقامی سرمایہ کاروں کی مالی حالت بہتر ہوئی ، گوادر پروکے مطابق ایبٹ آباد اور مانسہرہ کے درمیان ایک چھوٹے سے قصبے قلندر آباد میں کاروباری اور تجارتی سرگرمیوں میں تیزی سے اضافہ اس بات کی نشاندہی ہے کہ کس طرح سی پیک جن علاقوں سے یہ گزر تی ہے ان کی اقتصادیات کو تبدیل کر رہی ہے ۔
قلندر آباد ٹریڈ یونین کے صدر ملک امجد نے کہا کہ اگرچہ مقامی آبادی زیادہ نہیں لیکن یہ قصبہ 25 سے زائد یونین کونسلوں کیلئے ایک محور بن چکا ہے ،گروسری سٹور کے مالک نثار احمد نے بتایا کہ قلندر آباد میں صرف چند بکھرے ہوئے گروسری سٹورز تھے لیکن اب اس قصبے میں کثیر المنزلہ کمرشل پلازے ہیں جہاں صارف کی ضرورت کی ہر چیز دستیاب ہے ۔