پاک چین دوستی کا رشتہ بہت گہرا ہے ،پاکستانی طالبعلم
اسلام آباد ( خصوصی وقا ئع نگار ) چین سے فارغ التحصیل پاکستانی طالب علم فیصل حیات نے گوادر پرو سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ چینی اور پاکستانی طلبہ کے درمیان دوستی کا رشتہ بہت گہرا ہے ۔
یہ باہمی اعتماد اور احترام پر مبنی ہے ، چین کا تعلیمی نظام ہمارے نظام سے بہت زیادہ ترقی یافتہ ہے ، اساتذہ اور طلبہ کے درمیان اچھے تعلقات ہیں، چین میں مذہبی آزادی ہے ،ہر کوئی اپنے مذہب کیلئے آزاد ہے ، لوئر دیر کے قصبے چکدرہ سے تعلق رکھنے والے فیصل حیات نے حال ہی میں چین کی کنمنگ یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی، یوننان سے گریجویشن کیا ہے ۔
فیصل حیات نے گوادر پرو کو بتایا کہ چینی تدریس کا طریقہ میں نے بہترین پایا، ان کے مطابق مسلمان، چاہے وہ مقامی ہوں یا غیر مقامی، کنمنگ میں مذہبی آزادی سے لطف اندوز ہوتے ہیں، میں نماز پڑھنے کے لئے مقامی مسجد جاتا تھا،ہم اپنے چینی مسلمانوں کے ساتھ عید کا تہوار منانے کے لئے اکٹھے ہوتے تھے ۔