چکلالہ کینٹ، ہارلے سٹریٹ کے نالے گندگی سے اٹ گئے
راولپنڈی (نیوز رپورٹر) چکلالہ کنٹونمنٹ بورڈ کے شعبہ صفائی کی مبینہ غفلت کے باعث ہارلے سٹریٹ کے نو تعمیر نالے گندگی سے اٹ گئے۔
کروڑوں روپے کی لاگت سے نو تعمیر شدہ سڑکیں ہلکی بارش سے تالاب میں تبدیل ہو گئیں۔ تفصیلات کے مطابق چکلالہ کنٹونمنٹ بورڈ کے علاقے ہارلے سٹریٹ کی تمام سڑکیں اور نالے حال ہی میں کروڑوں روپے کی لاگت سے تعمیر کیے گئے تھے تاہم چکلالہ کنٹونمنٹ بورڈ حکام کی نااہلی، غفلت اور روایتی سستی کے باعث شہریوں نے نوتعمیر شدہ نالوں میں عمارتی ملبہ ڈال کر نالے بند کر دیئے جس کی وجہ سے معمولی بارش کے بعد پانی سڑکوں پر بہنے سے ٹریفک روانی میں خلل کے ساتھ ساتھ سڑک بھی ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہونے لگی۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ ہارلے سٹریٹ لین ون کے تین مختلف مقامات پر بجری، مٹی اور دیگر تعمیراتی میٹریل ڈال کر یہ نالے بند کر دیئے گئے ہیں تاہم نالوں میں تعمیراتی ملبہ ڈالنے والوں کے خلاف نہ تو کوئی کارروائی کی گئی اور نہ ہی ان کی صفائی کی گئی ہے۔ دوسری جانب ہارلے سٹریٹ سے ملحقہ مرکزی دھمیال روڈ بھی اکھاڑ کر دوبارہ بنانے کی تیاریاں کر لی گئی ہیں تاہم سڑک کے گرد بنے نالے کی نہ تو صفائی کی گئی ہے اور نہ ہی اس کو ازسرنو تعمیر کیا گیا ہے جس کی وجہ سے خدشہ ہے کہ نئی سڑک بننے کے فوری بعد ہی کھنڈرات میں تبدیل ہو جائے گی، شہریوں نے حکام سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔