لائٹ بند کرنے سے شادی ہال میں افراتفری، 1جاں بحق
راولپنڈی (خبر نگار) تھانہ بنی کے علاقے سید پور روڈ پر شادی ہال انتظامیہ کی جانب سے لائٹس بند کیے جانے پر افراتفری پھیلنے کی وجہ سے شہری گرنے کے بعد سر میں شدید چوٹیں لگنے کی وجہ سے جان کی بازی ہار گیاجس پر شادی کے شرکا نے ہال انتظامیہ کیخلاف احتجاج شروع کر دیا۔
افسوس ناک واقعہ اس وقت پیش آیا جب محلہ راجہ سلطان کی گلی نمبر چار کے رہائشی اشتیاق ولد مشتاق کی شادی جاری تھی کہ ہال انتظامیہ نے ہال خالی کرانے کیلئے لائٹس بند کیں جس کی وجہ سے شرکا میں افراتفری پھیل گئی اسی دوران دلہے کے تایا 75سالہ نیک مسیح لفٹ میں گھسنے لگے اورگر گئے جس کی وجہ سے ان کے سر میں چوٹیں آئیں اور وہ جان کی بازی ہار گئے ، شرکانے احتجاج شروع کر دیا اور سید پور روڈ کو ٹریفک کیلئے بند کر دیا ، بنی کی پولیس موقع پر پہنچ گئی ، نعش کو ہولی فیملی ہسپتال منتقل کر کے ضابطے کی کارروائی کی تسلی دیکر مظاہرین کو منتشر کر دیا۔