کمرشل مارکیٹ میں پلازوں کی تعمیر، تاجروں کا احتجاج
راولپنڈی (نیوز رپورٹر) راولپنڈی کے پوش علاقے کمرشل مارکیٹ اور اسکے ملحقہ علاقوں میں پانچ اور دس مرلے کی اراضی پر کمرشل پلازوں کی تعمیر پر مرکزی انجمن تاجران کمرشل مارکیٹ سراپا احتجاج بن گئی ۔
تاجروں نے کمشنر راولپنڈی سے فوری طورپر اعلیٰ سطح کی انکوائری کروانے کا مطالبہ کردیا۔انجمن تاجران کمرشل مارکیٹ کے گروپ لیڈ ر رضوان سنی کا کہناہے کہ گز شتہ تین سالوں سے کمرشل مارکیٹ اور سٹیلائٹ ٹائون کے علاقے میں ایک مخصوص مافیازمین خریدتاہے اور پھر اس کو کبھی پانچ اور کبھی دس مرلے حتی کہ تین سے چار مرلہ میں تقسیم کرکے پلاٹ بنائے جاتے ہیں اور پھر ان پر کمرشل تعمیرات کروادی جاتی ہیں۔
ٹریفک کے مسائل پیدا ہوچکے ہیں ، پیدل چلنابھی دشوار ہے ، انھوں نے کمشنر سے مطالبہ کیا کہ گزشتہ تین سالوں میں ہونے والی تعمیرات کی انکوائری کرائی جائے ، علاقہ انسپکٹر سمیت دیگر متعلقہ ذمہ داران کو معطل کیاجائے، ان کے اثاثہ جات کی چھان بین کی جائے، یہ دیکھاجائے کہ کیسے اراضی کو ٹکڑوں میں تقسیم کر کے علاقے کے حسن کو تباہ اور حکومت کے خزانے کو نقصان پہنچایا جا رہا ہے۔