ملکی معیشت مستحکم، 5.37 فیصد شرح نمو ہر لحاظ سے شاندار : علی نواز عوان

ملکی معیشت مستحکم، 5.37 فیصد شرح نمو ہر لحاظ سے شاندار : علی نواز عوان

اسلام آباد (خصوصی رپورٹر ) وزیراعظم کے معاونِ خصوصی علی نواز اعوان نے کہا ہے کہ پاکستان کی معیشت مستحکم ہو رہی ہے اور توقع کے مطابق گزشتہ سال معاشی شرح نمو 5 اعشاریہ 37 فیصد رہی جو کووڈ-19 کے دور میں ہر لحاظ سے شاندار ہے ۔

 کووڈ-19 کے خلاف بہترین کارکردگی کے حوالے سے نارمیلسی انڈیکس میں پاکستان دنیا میں دوسرے نمبر پر ہے ، اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ گزشتہ مالی سال کے دوران ہم نے پیشگوئی کی تھی کہ پاکستان کی شرح نمو 4 سے 5 فیصد کے درمیان رہے گی اور کل آنے والے اعدادوشمار نے ہماری اس پیشگوئی پر تصدیق کی مہر ثبت کر دی ہے اور گزشتہ مالی سال کی شرح نمو 5 اعشاریہ 37 فیصد رہی باوجود اس کے کہ دنیا بھر کی طرح پاکستان کو بھی کووڈ-19 کی وجہ سے بار بار لاک ڈاؤن اور پابندیوں کے مراحل سے گزرنا پڑ رہا تھا۔

انہوں نے کہا کہ انشاء اللہ رواں مالی سال پاکستان کی شرح نمو 6 فیصد رہے گی اور آنے والے دنوں میں مہنگائی میں بھی نمایاں کمی ہوگی، کووڈ-19 کے دوران بہترین کارکردگی دکھانے والے ممالک میں پاکستان دوسرے نمبر پر ہے جو اس حقیقت کی غمازی کرتا ہے کہ وزیراعظم عمران خان اور ان کی ٹیم نے کووڈ کا مقابلہ کرنے کیلئے بہترین حکمت عملی ترتیب دی ، علی نواز اعوان نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ ایک بار پھر اومیکرون کے خلاف بھی اسی ذمے داری کا مظاہرہ کریں تاکہ ہم وطن عزیز کو اس وبا سے چھٹکارا دلا سکیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں