صاحب حیثیت افراد کو باہر جانیکی ضرورت نہیں،صدر الشفا ٹرسٹ
راولپنڈی (خبر نگار)الشفاآئی ٹرسٹ نے جدید ترین جرمن اور سوئس لیزرز کی مدد سے موتیا اور قرنیہ کی سرجری شروع کر دی جبکہ چلڈرن آئی ہسپتال راولپنڈی میں آئی کینسر میں مبتلا بچوں کے علاج کیلئے کیموتھراپی کا بھی آغاز کر دیا گیا۔
الشفاٹرسٹ کے صدر میجر جنرل (ر) رحمت خان نے کہا ہے پچھلے برس 80فیصد مستحق مریضوں کا علاج بالکل مفت کیا گیا،کیمو تھراپی کی نئی سہولت سے آنکھوں کے کینسر کی تمام اقسام کا علاج ایک ہی چھت کے نیچے ہوسکے گا،جنرل رحمت خان نے بتایا کہ 2021میں چکوال میں ایک نیا آئی ہسپتال آپریشنل کیا گیا جہاں روزانہ 500او پی ڈی مریضوں کا علاج اور 50 آپریشن کئے جا سکتے ہیں، اگست 2021میں ایشیا کے سب سے بڑے چلڈرن آئی ہسپتال کا آغاز کیا گیا جس پر ایک ارب روپے لاگت آئی، جلد آنکھوں کے کینسر کے مریضوں کیلئے خصوصی ریڈی ایشن تھراپی بھی دستیاب ہو جائے گی،الشفا آئی ہسپتال میں آنکھوں کے علاج کی دنیا میں پائی جانے والی ہر سہولت دستیاب ہے ،صاحب حیثیت مریضوں کو علاج کی غرض سے باہر جانے کی ضرورت نہیں۔