آ زاد کشمیر سے ملنے والا نایاب زخمی تیندوا اسلام آباد منتقل

آ زاد کشمیر سے ملنے والا نایاب زخمی تیندوا اسلام آباد منتقل

مظفرآباد ( محمد اسلم میر سے ) آزاد کشمیر میں نایاب تیندوا زخمی حالت میں دریائے نیلم کنارے سے ملا ، تیندوے کو شاہراہ نیلم سے گزرنے والی گاڑی نے ٹکر مار کر زخمی کر دیا تھا۔

چار سالہ نایاب مادہ تیندوے کو مقامی لوگوں نے پٹہکہ نوسدہ کے مقام پر دریائے نیلم کے کنارے پر دیکھا ،تیندوے کی کمر کی ہڈی ٹوٹ چکی تھی اور اس کا پچھلا دھڑ مفلوج ہو چکا تھا، محکمہ جنگلی حیات کے ڈاٰئریکٹر نعیم ڈار نے دنیا کو بتایا کہ ان کے عملے نے تیندوے کو بغیر بے ہوشی کے انجکشن لگائے قابو کیا اور اسے مظفر آباد محکمہ امور حیوانات کے ہسپتال پہنچایا جہاں ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد اسے مزید علاج کے لئے اسلام آباد روانہ کر دیا گیا۔

ڈائریکٹر جنگلی حیات کا مزید کہنا تھا کہ تیندوا پاکستان میں نایاب ہے اور دنیا میں اس کے شکار پر پابندی ہے ، پابندی سے قبل تیندوے کی کھال کو بیس لاکھ روپے میں یورپ میں فروخت کیا جاتا تھا جہاں اس سے کوٹ، خواتین کے بیگ اور جوتے بنائے جاتے تھے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں