عمران خان عوام کیساتھ کھڑے ہیں، نواز شریف کی طرح بھاگتے نہیں: علی نواز اعوان

عمران خان عوام کیساتھ کھڑے ہیں، نواز شریف کی طرح بھاگتے نہیں: علی نواز اعوان

اسلام آباد(خصوصی رپورٹر)وزیراعظم کے معاون خصوصی اور ریجنل صدر تحریک انصاف اسلام آباد ڈویژن علی نواز اعوان نے کہا ہے کہ لیڈر وہی ہے جو مشکل حالات میں اپنی قوم کے ساتھ کھڑا ہو اور یہ خوبی صرف وزیراعظم عمران خان میں پائی جاتی ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے تحریک انصاف اسلام آباد ڈویژن کی ایڈوائزری کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ عمران خان ایسا لیڈر ہے جو ملک کیلئے درد رکھتا ہے اور اپنے عوام کی بات بھی سنتا ہے ، مشکل حالات کا مقابلہ کرنا بھی جانتا ہے ،عوام جانتے ہیں کہ عمران خان نہ تو نواز شریف کی طرح ملک سے بھاگے گا اور نہ ہی سرے محل کھڑے کرے گا، عمران خان کو نواز شریف کے پاکستان آنے کی دھمکیاں دینے والے احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں وہ تو خود چاہتے ہیں کہ نواز شریف پاکستان آئے اور اپنی سزا پوری کرے ۔

اس موقع پر فیصلہ کیا گیا کہ اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات کے لئے حلقہ بندیوں کے سلسلے میں داخل کروائے جانے والے اعتراضات پر قانونی معاونت کیلئے وکلا کی ٹیم مرکزی دفتر میں موجود ہو گی جو اعتراضات کرنے والے امیدواروں کو قانونی معاونت فراہم کرے گی اس سلسلے میں ایک پانچ رکنی کمیٹی بھی تشکیل دی گئی، کمیٹی میں محمد عامر شیخ، راجہ شیراز کیانی ، چودھری محمد علی اور دو ارکان قانونی ٹیم کے شامل ہوں گے ۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ وزیراعظم عمران خان 26 جنوری کو اسلام آباد کی 100 فیصد آبادی کیلئے صحت انصاف کارڈ کا اعلان کر دیں گے صحت انصاف کارڈ سے متعلقہ امور پر وزارت صحت کے ساتھ روابط کیلئے پانچ رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی، کمیٹی میں عامر مغل، الیاس مہربان، حسنین شاہ، نعیم خان اور ملک عامر شامل ہوں گے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں