تجاوزات کیخلاف آپریشن : سی ڈی اے عملے پر پتھرائو،13پولیس اہلکار زخمی، متعدد گرفتار

تجاوزات کیخلاف آپریشن : سی ڈی اے عملے پر پتھرائو،13پولیس اہلکار زخمی، متعدد گرفتار

اسلام آباد(خصوصی رپورٹر،خبرنگار)سی ڈی اے انتظامیہ کی جانب سے بہارہ کہو،میرابیری اور چونترہ سمیت مختلف مقامات پر تجاوزات و غیر قانونی تعمیرات کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔

 وفاقی دارالحکومت کے علا قے مارگلہ ہلز پرواقع سنیاڑی گائوں میں تجاوزات کے خلاف سی ڈی اے آپریشن کے دورا ن ا ہل علاقہ کے پتھرائو سے 13پولیس اہلکار وں سمیت درجنوں مقامی افراد زخمی ہو گئے جبکہ انفورسمنٹ کی متعدد گاڑیوں کو جلا دیا گیا اورکچھ کو جزوی نقصان پہنچا یا گیا ، پولیس نے مشتعل افراد کو بھگانے کے لئے آنسو گیس کی شدید شیلنگ بھی کی ، زخمیوں کوہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے ، پولیس نے متعدد مظاہرین کو گرفتار کرلیا ۔مقامی آبادی کا کہناہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے تین ماہ قبل اپنے فیصلے میں بھی متاثرین کو ان کا حق دینے کا آڈر کیا۔

لیکن متاثرین کو متبادل پلاٹس نہیں دئیے گئے ۔اب سی ڈی اے نے ضلعی انتظامیہ اور پولیس کے ہمراہ اچانک آپریشن شروع کر دیاہے ۔متاثرین کا کہناہے کہ ہم اپنا حق لئے یہاں سے نہیں ہٹیں گے ۔ علاوہ ازیں بہارہ کہو میں حافظ جھگی سٹاپ سے بھیرہ پل تک آپریشن کے دوران سیکڑوں ریڑھیاں ہٹادی گئیں جبکہ دکانوں اور پلازوں کے آگے ناجائز تجاوزات کو گرا دیا گیا۔ اے سی سیکرٹریٹ انیل سعید کے مطابق آج مین مری روڈ اٹھال چوک پر بھی آپریشن کیا جائیگا۔ادھر سی ڈی اے نے چونترہ کے علاقے میں بھی تجاوزات کے خلاف آپریشن کیا۔

آپریشن کے دوران اہل علاقہ مشتعل ہوگئے ۔ مشتعل افراد نے سی ڈی اے کے عملے پر پتھراؤ کیا جس پر پولیس کی بھاری نفری کو طلب کرلیاگیا۔ پولیس کی مظاہرین کے خلاف شیلنگ کے باعث علاقہ میدان جنگ بن گیا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں