ڈکیتیوں کے دوران مزاحمت پر 2 شہری زخمی،ایک ڈاکو پکڑا گیا:گن پوائنٹ پر 5 لاکھ چھین لئے گئے

ڈکیتیوں  کے  دوران مزاحمت پر 2 شہری زخمی،ایک ڈاکو پکڑا گیا:گن پوائنٹ پر 5 لاکھ چھین لئے گئے

راولپنڈی (خبر نگار) سرقہ بالجبر، سٹر یٹ کرائم، چوری وغیرہ کی وارداتوں میں شہریوں کو رکشہ، 20موٹرسائیکلوں، لاکھوں روپے ، طلائی زیورات اور موبائل فونز سے محروم کر دیا گیا، مزاحمت پر دو افراد گولی لگنے سے زخمی ہو گئے ۔

 ایئر پورٹ روڈ پر ہارون اور اس کے کزن شاہزیب سے 3موٹرسا ئیکل سواروں نے 2پرس اور 4موبائل فونز لوٹ لیے ، انہوں نے ایک ملزم قابو کر لیا جس نے فائرنگ کی تو ایک گولی ہارون کی کلائی کو چھو کر گزر گئی۔ لوگ جمع ہو گئے اور ملزم کو پکڑ کر پھینٹی لگائی، پولیس نے مقدمہ درج کر کے ملزم کو گرفتار کر لیا۔ وقار کی گاڑی دو لڑکوں نے کوہالہ سٹاپ پیلو روڈ پر روکی اور لوٹنے کی کوشش کی، انکار پر ایک نے اسے بائیں ٹانگ پر گولی مار کر زخمی کر دیا۔ ویسٹریج میں ندیم سے بینک سے رقم نکلواکر موٹرسائیکل پر واپسی پر 3 موٹرسائیکل سواروں نے گن پوائنٹ پر 515000 روپے اور موبائل فون چھین لیا۔ دانیال سے موٹرسائیکل سواروں نے اسلحہ کی نوک پر موٹرسائیکل اور موبائل فون چھین لیا۔ تین موٹرسائیکل سواروں نے ارشد سے اسلحہ کی نوک پر 2 موبائل فونز، 400روپے چھین لیے ۔ ایئرپورٹ کے علاقہ میں عبداللہ سے 3موٹرسائیکل سواروں نے اسلحہ کی نوک پر موبائل فون، 5 ہزار روپے چھین لیے ۔ نیو ٹاؤن میں عبدالماجد کے بیگ سے سو امریکی ڈالر ،سو برطانوی پاؤنڈ اور 20 ہزار روپے ، حسیب کے کمرے سے 2 لیپ ٹاپ، 45 ہزار روپے اور ایک موبائل فون چوری کر لیا گیا، پولیس نے مقدمات درج کر لیے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں