اساتذہ تحفظات کے باوجود ہفتہ کی تعطیل ختم کرنیکا نوٹیفکیشن برقرار
اسلام آباد(ماہتاب بشیر)اساتذہ کے تحفظات کے باوجود وفاقی نظامت تعلیمات کے زیر انتظام تعلیمی اداروں میں ہفتے کی تعطیل ختم کر نے کا نوٹی فکیشن برقرار ہے جسے تاحال واپس نہیں لیا گیا۔
سیکرٹری وزارت تعلیم محی الدین احمد وانی نے دنیا سے بات کرتے ہوئے بتا یا کہ 10اگست سے ہفتے کا دن ورکنگ ڈے ہو گا، مخصوص تعلیمی اداروں میں اساتذہ اور طلبا آئیں گے، ان تعلیمی اداروں میں ریمیڈیل کلاسز لی جائیں گی۔ دوسری جانب اساتذہ تنظیموں نے کہا کہ ہفتے کی چھٹی ختم کرنا انتظامیہ کی جانب سے اساتذہ سے کھلی دشمنی ہے، اساتذہ کو بونس دیا جائے یا پھر اضافی مراعات کا اعلان کیا جائے۔ اساتذہ نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ ایف ڈی ای اور وزارت کے اعلیٰ حکام کی ذہنی صحت کیلئے صحت بحالی پرو گرام شروع کیا جائے۔ چیئرمین جوائنٹ ایکشن کمیٹی فضل مولا نے کہا کہ ان کا سیکرٹری تعلیم محی الدین وانی سے رابطہ ہوا ہے اور انہوں نے اس نوٹی فکیشن پر نظرثانی کی یقین دہانی کرائی ہے۔