نوجوان اغوا کیس ، عدالت کی تفتیشی کو میرٹ پر تحقیقات کی ہدا یت

نوجوان اغوا کیس ، عدالت کی تفتیشی کو میرٹ پر تحقیقات کی ہدا یت

راولپنڈی (نیوز رپورٹر) لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ کے جسٹس صداقت علی خان نے نوجوان کے اغوا کے خلاف دائر پٹیشن پر مقدمہ کے تفتیشی افسر کو ہدایت کی ہے کہ میرٹ پر کیس کی تحقیقات کریں اور اس حوالے سے کسی جانب سے کسی قسم کا دبا ؤقبول نہ کیا جائے ۔

عدالت نے پٹیشن نمٹاتے ہوئے درخواست گزار کو بھی ہدایت کی کہ پولیس کی تحقیقات سے مطمئن نہ ہونے کی صورت تفتیش تبدیل کروانے کے لئے بھی درخواست دے سکتے ہیں ، عدالت نے یہ احکامات مغوی کے والد کی جانب سے دائر پٹیشن پر جاری کئے ۔ مغوی شاہد اقبال کے والد غلام سرور سکنہ چکوال نے ڈی پی او میانوالی، ایس ایچ او تھانہ چاپری میانوالی اور مقدمہ کے تفتیشی افسر کو فریق بناتے ہوئے موقف اختیار کیا تھا کہ 27 جون کو اس کا بیٹا گھر سے ڈ ھائی لاکھ روپے لے کر دوستوں کے ساتھ آئی فون لینے اسلام آباد گیا لیکن واپس نہ آیا ،درخواست گزار کو شبہ ہے کہ اس کے بیٹے کو اس کے دوستوں نے اغوا کیا ہے ۔ دریں اثنا مغوی کے والد نے احاطہ عدالت میں بتایا کہ پولیس نے وقوعہ کے پانچ روز بعد اغوا کا مقدمہ تو درج کرلیا لیکن آج ڈیڑھ ماہ گزرنے کے باوجود نامزد ملزمان میں سے کسی کو گرفتار کیا اور نہ ہی بیٹے کو بازیاب کروایا جاسکا ۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں