سیکٹر ای 12، آئی 12، 15 میں ترقیاتی کام مکمل کرنیکی ہدایت
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) چیئرمین سی ڈی اے نے ہدایت کی ہے کہ سیکٹر ای ٹویلو سمیت آئی ٹویلو اور آئی ففٹین میں ترقیاتی کام فی الفور مکمل کئے جائیں۔
بدھ کو چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت سیکٹر ڈویلپمنٹ کے حوالے سے منعقدہ اجلاس میں چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ سیکٹر E-12میں ترقیاتی کام فوری طور پر شروع کیا جائے اور غیر قانونی قابضین سے سیکٹر E-12کی زمین کو خالی کروانے کیلئے فوری آپریشن کیا جائے۔ محمد علی رندھاوا نے کہا کہ ممبر سٹیٹ، اسلام آباد پولیس اور اسلام آباد انتظامیہ سے مل کر آپریشن کو حتمی شکل دیں۔ سیکٹر E-12کا خود دورہ کروں گا، سیکٹر کے ایسے متاثرین جن کے بحالیاتی حقوق باقی ہیں ان کو موقع پر بحالیاتی حقوق دئیے جائیں۔