پی ٹی اے، ایم او سی میں مفاہمت کی یادداشت پر دستخط

اسلام آباد (نیوز رپورٹر) پی ٹی اے اور وزارت تجارت (ایم او سی) نے ایک تقریب میں مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط کیے ہیں جس کا مقصد پاکستان کے ڈیجیٹل ایکو سسٹم کے فروغ اور جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے تجارتی عمل میں آسانی لانا ہے۔
مفاہمتی یادداشت ای کامرس، سائبر سکیور ٹی اور کلاؤڈ کمپیوٹنگ جیسے اہم شعبوں میں تعاون کے مقاصد کے پیش نظر اہم ثابت ہو گی۔ چیئرمین پی ٹی اے میجر جنرل (ریٹائرڈ) حفیظ الرحمان نے ترقی یافتہ ڈیجیٹل معاشرے کیلئے جدت اور اشتراک کی ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ سیکرٹری وزارت تجارت جواد پال نے ای کامرس کے فروغ اور ڈیجیٹل شمولیت کے عمل میں پی ٹی اے کی کارکردگی کی تعریف کی۔ تقریب میں دونوں اداروں کے سینئر افسران بشمول ڈائریکٹر جنرل (سٹرٹیجی اینڈ ڈویلپمنٹ) پی ٹی اے احسن یار خان اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر جنرل وزارت تجارت محمد اشرف نے بھی شرکت کی۔