بجلی صارفین کے ریکارڈ کیلئے جدید ڈیٹا کولیکشن سروے شروع
راولپنڈی (خصوصی نامہ نگار) آئیسکو راولپنڈی سٹی سرکل کی جانب سے صارفین کے ریکارڈ کی بہتری کیلئے جدید ڈیٹا کولیکشن سروے تیزی سے جاری ہے۔
مہم کے تحت اب تک 4لاکھ سے زائد صارفین کا ڈیٹا اپ ڈیٹ کیا جا چکا ہے۔ اس اقدام کا مقصد صارفین کو ملکیت، بلنگ، اقساط، لوڈشیڈنگ اور مینٹیننس شیڈول سے متعلق معلومات بروقت فراہم کرنا ہے۔ یہ سروے سپرنٹنڈنگ انجینئر محسن علی میمن کی زیر نگرانی اور ویسٹریج سب ڈویژن کے ایکسیئن شاہ نواز کی قیادت میں جاری ہے۔ فیلڈ ٹیمیں ویسٹریج، سیٹیلائٹ ٹاؤن اور سٹی سب ڈویژنز میں گھر گھر جا کر صارفین کے قومی شناختی کارڈ نمبرز اور موبائل فون نمبرز جمع کر رہی ہیں۔ حاصل شدہ معلومات کو مرکزی ڈیٹا بینک میں محفوظ کیا جا رہا ہے تاکہ مستقبل میں صارفین کو ان کی سہولت سے متعلق تمام معلومات بذریعہ ایس ایم ایس فراہم کی جاسکیں۔