فتنہ الخوارج، سہولت کاروں کی سرکو بی نا گزیر، عبدالعلیم خان
اسلام آباد (دنیا رپورٹ) اورکزئی میں پاک فوج کے افسران اور جوانوں کی شہادت پر صدر استحکامِ پاکستان پارٹی اور وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پوری قوم اپنے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے اور لیفٹیننٹ کرنل جنید عارف، میجر طیب راحت اور 9بہادر جوانوں کی عظیم قربانی پر سوگوار ہے۔ اپنے پیغام میں عبدالعلیم خان نے شہدا کے بلند درجات اور غمزدہ خاندانوں کیلئے صبر جمیل کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ مسلح افواج نے ہمیشہ اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر کے دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا ہے۔ فتنہ الخوارج اور اس کے سہولت کاروں کی سرکوبی ناگزیر ہے۔ عبدالعلیم خان نے کہا کہ پوری قوم مسلح افواج کی قربانیوں کی مقروض ہے اور مادرِ وطن کے تحفظ کیلئے قربانیاں دینے والے شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کرتی ہے۔